دوسرے اہم کردار
سر سلطان
سر سلطان پاکیشا کے سیکرٹری خارجہ اور سیکرٹ سروس کے انتظامی انچارج ہیں۔ وہ گنتی کے ان چند کرداروں میں سے ہیں جو ایکسٹو کی اصلیت کو جانتے ہیں۔ عمران نے ایک کیس حل کرنے میں سر سلطان کی مدد کی جس پر سر سلطان نے عمران کی صلاحیتوں سے متاثر ہو کر سیکرٹ سروس کا چیف مقرر کیا۔ سر سلطان عمران کے والد کے بہت پرانے دوست ہیں اور عمران سے بہت پیار کرتے ہیں مگر کئی بار عمران کے غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے اس سے ناراض ہو گئے۔
ٹائیگر / رضوان / عبدالعلی
ٹائیگر علی عمران کا جوڈو، مارشل آرٹ، سنگ آرٹ، میک اپ اور آواز کی نقل کرنے میں شاگرد ہے۔ وہ ایک سنجیدہ شخص ہے اور اپنی خصوصیات کی وجہ سے پاکیشا کا دوسرا عمران جانا جاتا ہے۔ اس کا اصل نام عبدالعلی ہے اور رضوان کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ چونکہ وہ عام طور پر انڈر ورلڈ میں کام کرتا ہے اس لیے انڈر ورلڈ میں ٹائیگر کے نک نیم سے جانا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹائیگر نے بلیک کوبرا کے نام سے بھی اپنی شخصیت کو متعارف کروایا ہوا ہے جو کبھی اصلی شکل میں کسی کے سامنے نہیں آیا۔ ٹائیگر سیکرٹ سروس کا رکن نہیں ہے بلکہ وہ اپنے باس عمران کو جواب دہ ہے۔ بنیادی طور پر ٹائیگر ایک سائسندان ہے۔ جو ایکریمیا کی ایک لیباٹری میں کام کرتا تھا۔ ایک تجربے کے غلطی کی وجہ سے ریز ڈی چارج ہو گئیں جن کی زد میں ٹائیگر بھی آ گیا۔ جس کا اس کے اعصاب پر اثر پڑا اور اسے تشخنج کی طرح جھٹکے لگنے لگے۔ ایک سائنس کانفرنس میں کسی تھیوری کی بحث کے دوران ٹائیگر کا عمران سے ٹکراؤ ہوا۔ عمران نے ٹائیگر کی بیماری کا علاج کیا جس پر ٹائیگر عمران کے پیچھے پاکیشا آ گیا اور عمران سے اپنی فیلڈ میں شامل کرنے کی درخواست کی۔ آخر کافی منتوں کے بعد عمران نے ٹائیگر کو شاگرد بنا لیا اور مسلسل تین سال تک اسے تربیت دی۔ پھر ٹائیگر نے عمران کے لیے معلومات اکٹھی کرنے کے لیے انڈر ورلڈ میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔
عمران سیریز کے ان ناولز میں ٹائیگر نے اہم رول ادا کیا
روزی راسکل مشن، ٹائیگر ان ایکشن، بلیک ہیڈ، بلیو برڈ گروپ، ایکشن گروپ، گرین گارڈ، گولڈن کراس
جوزف موگونڈا
جوزف ایک دیو قامت افریقی ہے۔ جوزف ہیوی ویٹ چیمپئن بھی رہ چکا ہے۔ ایک کیس میں اس کا عمران سے ٹکراؤ ہوا اور عمران نے اس کو ایک گواہ کے طور پر اپنے پاس ٹھہرا لیا۔ اس کے بعد مستقل عمران کے ساتھ ہی رہنے لگا۔ ابتدا میں جوزف عمران کے ساتھ فلیٹ میں ہی رہتا تھا مگر بعد میں عمران نے اس کو رانا ہاؤس منتقل کر دیا۔ جوزف عمران کو اپنا آقا مانتا ہے اور عمران کا حکم غلاموں کی طرح مانتا ہے۔ جوزف اپنی زندگی کے ابتدائی ایام جنگلوں میں گزار چکا ہے جس کی وجہ سے جنگلوں کے بارے میں اس کی معلومات کافی وسیع ہیں اور عمران کے لیے کافی فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں۔ جب عمران پرنس آف ڈھمپ کے روپ میں کہیں جاتا ہے تو جوزف کے ساتھ سیکٹریری اور باڈی گارڈ کے طور پر جاتا ہے۔ جوزف بلا نوش تھا شراب کو پانی کی طرح پیتا تھا مگر بعد میں شراب پینی چھوڑ دی۔
جوانا
جوانا دیو ہیکل نیگرو ایکریمین ہے۔ جوانا ایک قاتل تنظیم "ماسٹر کلر" کا رکن تھا جو دنیا کے مشہور مشہور لوگوں کو قتل کرتی تھی۔ ماسٹر کلر کو عمران کو قتل کرنے کا ٹاسک ملا۔ جس پر جوانا پاکیشا آ گیا یہاں عمران کے مقابلے میں تنظیم ختم ہو گئی صرف جوانا زندہ بچا عمران نے اس کو لڑائی میں شکست تھی جس پر جوانا نے عمران کے پاس ہی رہنے پر اصرار کیا عمران کے انکار پر جوانا نے خود کشی کی کوشش کی جس پر عمران نے مجبوراً اس کو اجازت دے دی۔ جب عمران پرنس آف ڈھمپ کے روپ میں کہیں جاتا ہے تو جوانا جوزف کے ساتھ باڈی گارڈ کے طور پر جاتا ہے۔ جوانا مارشل آرٹ کا ماہر ہے۔
سلیمان
عمران ایک فلیٹ پر اپنے باورچی اور ہاوس کیپر سلیمان کے ساتھ رہتا ہے۔ عمران کھانے کے لیے اکثر سلیمان کی منتیں کرتا رہتا ہے۔ جب عمران کے والد سر رحمان نے عمران کو گھر سے نکالا تو سلیمان بھی عمران کے ساتھ ہی آ گیا۔ سلیمان کے ساتھ عمران کی فقرے بازی بڑی دلچسپ ہوتی ہے۔ عمران اکثر یہ کہتا رہتا ہے کہ سلیمان صرف مسور کی دال ہی پکا کر دیتا ہے۔ سلیمان بھی جانتا ہے کہ عمران ایکسٹو ہے۔ سلیمان کئی دفعہ عمران اور بلیک زیرو کی غیر موجودگی ایکسٹو کا رول نبھا چکا ہے۔
سوپر فیاض /کیپٹن فیاض
سوپر فیاض سنٹرل انٹیلی جنس کا سپریڈنٹ اور عمران کا دوست ہے۔ عمران اکثر کیسوں میں اس کی مدد کرتا رہتا ہے۔ عمران جس فلیٹ میں مقیم ہے وہ بھی سوپر فیاض کی ملکیت ہی ہے۔ عمران فیاض کی کیسوں میں مدد کر کے اس سے پیسے بٹورتا رہتا ہے۔ اگر فیاض انکار کرے تو عمران اس کے خفیہ اکاؤنٹوں کے بارے میں اسے بلیک میل کرتا ہے اور فیاض سے بٹورے جانے والے پیسے عمران غریبوں اور محتاجوں میں بانٹتا ہے
سرداور
سرداور ملک کی سب سے اہم اور خفیہ لیبارٹری کے انچارج ہیں بہت ہی منجھے ہوئے سائنسدان ہیں
روزی راسکل
ٹائیگر کی طرح یہ بھی انڈر ورلڈ میں ہوتیں ہیں اور بہت شوق سے خود راسکل کہلواتی ہیں انھیں بھی لڑائی بھڑائی کا بہت شوق ہے۔ایک مضبوط کردار کی لیکن تھوڑی سے جذباتی لڑکی جو کہ ٹائیگر کے بارے دل میں پسندیدگی کے جذبات رکھتی ہے لیکن ٹائیگر ان سے اتنا ہی دور بھاگتا ہے روزی نے ایک دو مشن میں سیکرٹ سروس کی مدد بھی کی ہے